مغربی افریقہ کے ملک مالی میں مسلح افراد نے 37 شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک شدگان کا تعلق فولانی نسل سے تھا۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو پیش آنے والے واقعے میں ملوث حملہ آور دونزاس قبیلے سے تعلق رکھنے والے شکاریوں کے بھیس میں تھے جنہوں نے ملک کے وسطی خطے موپٹی کے ایک گاؤں کولوگان پر حملہ کیا۔
کولوگان کے نزدیکی قصبے بینکاس کے میئر مولیج گندو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ نئے سال کی پہلی صبح فجر کی اذان کے وقت کیا گیا اور حملہ آوروں نے گاؤں کے اس حصے کو نشانہ بنایا جہاں فولانی نسل کے لوگ آباد تھے۔
انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے کولوگان کے اس دوسرے حصے کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جہاں دوگان نسل کے لوگوں کی اکثریت آباد ہے جو نسلی طور پر دونزاس سے تعلق رکھتے ہیں۔
مالی میں فولانی اور حریف قبائل کے درمیان جاری فسادات نے ملک کے صحرائی اور نیم بارانی علاقوں میں سکیورٹی کی پہلے سے خراب صورتِ حال مزید پیچیدہ کردی ہے۔
ان علاقوں کو داعش اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جہادی گروہ اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
مالی 2012ء سے سیاسی بحران اور خانہ جنگی کا شکار ہے جب طوارق باغیوں اور ان کے حامی اسلام پسندوں نے ملک کے شمالی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔
طوارق باغیوں کے اس قبضے کے بعد فرانس نے مالی میں فوجی مداخلت کی تھی اور باغیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ مالی ماضی میں فرانس کی نو آبادی رہ چکا ہے اور اس نے 1960ء میں فرانس سے آزادی حاصل کی تھی۔
فرانس کی فوجی کارروائی کے بعد گو کہ باغیوں کا زور تو ٹوٹ چکا ہے لیکن وہ ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں اب بھی سرگرم ہیں اور ملک میں جاری نسلی کشیدگی اور اختلافات کا فائدہ اٹھا کر نئے جنگجووں کو بھرتی کر رہے ہیں۔
مالی میں گزشتہ سال بھی نسلی فسادات کے دوران سیکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
from تازہ ترین بین الاقوامی خبریں | دنیا کی خبریں http://bit.ly/2CJRFLr
مالی: حملے میں 37 شہری ہلاک، نسل پرستوں کے ملوث ہونے کا شبہ http://bit.ly/2AqVnrH
0 Comments