بریکنگ نیوز

6/recent/ticker-posts

عمران نےاگلے الیکشن کےلیے 11نکات پیش کردیے

تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ، پارٹی رہنماؤں کے خطاب جاری
آئندہ عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جس کے دوران پارٹی چیئرمین عمران خان نے آئندہ انتخابات کے لیے 11 نکات پیش کیے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری قوم نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا، وعدہ کرتا ہوں خون کے آخری قطرے تک آپ کے لیےلڑوں گا۔

اپنے نکات کی تفصیلات بتاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ  تعلیم اور صحت کے لیے زیادہ رقم مختص کریں گے، ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں، اسے اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔

یکساں تعلیمی نصاب متعارف کروائیں گے

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کوئی ملک ترقی نہیں کرسکا جس نے تعلیم پر زور نہیں دیا، سارے ایشین ٹائیگرز نے اپنے بچوں کو تعلیم دیکر ترقی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 8 لاکھ بچے انگلش میڈیم اسکولوں میں ہیں جبکہ سوا تین کروڑ سرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں اور 25 لاکھ بچے مدارس میں پڑھ رہے ہیں۔

جرمنی اور جاپان کی حکومتوں نے عالمی جنگ دوئم کے بعد انسانوں پر وسائل خرچ کیے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد وہ یکساں تعلیمی نصاب متعارف کروائیں گے۔

صحت کا شعبہ بہتر بنائیں گے

عمران خان نے کہا کہ ہم ایسے اسپتال بناکر دکھائیں گے کہ غریب کو پیسے نہ ہونے کی فکر نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے 70 فیصد خاندانوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کی سہولت موجود ہے سارے پاکستان کے لیے ہیلتھ کارڈ لے کر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم میں 75 فیصد مریضوں کا علاج مفت میں ہوتا ہے۔

ٹیکس کا نظام درست کریں گے

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں ہوتا اور ہم قرضوں میں ڈوبتے چلے گئے، ہم ملک کو قرضوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسی پاکستانی قوم سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھاؤں گا، انہیں اعتماد ہوجائے تو پیسے دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ موجودہ حکومت کے مقابلے میں دوگنا ٹیکس حاصل کرکے دکھائیں گے۔

کرپشن کا خاتمہ کریں گے

چیئرمین تحریک انسان نے کہا کہ ہم کرپشن کا خاتمہ کریں اور ایسا کرنے کے لیے نیب اور عدالتوں کو مضبوط کریں گے اور تمام چوری روکنے والے اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی سنا ہے کسی پارٹی نے 20 اراکین کو کرپشن کی وجہ سے نکالا ہو؟ ہم نے 20 پارلیمنٹیرینز کو نکالا ہے۔

سرمایہ کاری لائیں گے

عمران خان نے کہا کہ ہم ایسی پالیسیاں لائیں گے کہ سرمایہ کاری بڑھے، بیرون ملک رہنے والا پاکستانی سب سے زیادہ پیسہ ملک میں لائے گا تو یہاں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری لانے والوں کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں الگ سیل قائم ہوگا جہاں ان کی رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے تاکہ بے روزگاری ختم ہوسکے، ہم 50 لاکھ سستے گھر بنائیں گے تاکہ غریب اپنے گھر کا مالک بن سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہری پور کی طرح ہم اسکل اور ٹیکنیکل تعلیم دیں گے تاکہ لوگ روزگار حاصل کرسکیں۔

سیاحت کو فروغ دیں گے

عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت خوبصورت ملک دیا ہے، خیبرپختونخوا میں ہم نے غربت سیاحت کی وجہ سے کم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاحت کے ذریعے لوگوں کو نوکریاں دلوائیں گے، ہم ہر سال سیاحت کے فروغ کے لیے چار نئے مقام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ چھوٹا سا ملک ہے لیکن سیاحت کے لیے 20 ارب ڈالر بناتا ہے، ہمارا شمالی علاقہ سوئٹزر لینڈ سے کافی بڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیں ایک خواب دیا تھا، اس ملک کا کیا مقصد تھا، جب ایک قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے تو وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کی سوچ تھی کہ پاکستان میں سب برابر کے شہری ہوں گے، نبی کریمﷺ نےمدینہ کی ریاست میں سب سےپہلےانصاف کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ جب طاقتور غریب کے لیے الگ قانون ہو تو قومیں برباد ہوجاتی ہیں، نبی پاکﷺ مدینہ کی ریاست میں میرٹ کا نظام لےکر آئے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایک حالیہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم کا یہ حال ہے تو عام پاکستانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہوگا، چھوٹی سی چیز پر پکڑ کر انہیں ملک بدر کردیا جاتا ہے یا جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1990 تک پاکستان برصغیر میں سب سے تیزی سے ترقی کررہا تھا، 60 سال کی تاریخ پر 6000 ارب روپے قرض تھا، 2008 سے 2013 تک 6000 سے 13 ہزار ارب ہوگیا، پانچ سالوں میں دوگنا ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت میں 2013 سے 2018 تک 13 ہزار سے 27 ہزار ارب تک قرضہ پہنچ گیا ہے، ہم تباہی کی طرف جارہے ہیں، ہم قرضے واپس کرنے کے لیے قرضے لے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مقروض ملک آزادی کھو بیٹھتا ہے، قرضہ دینے والا ملک آپ کو حکم دیتا ہے، فتح کیے بغیر وہ ملک آپ کو غلام بنادیتا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نائجیریا کے بعد پاکستان وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بچے اسکول نہیں جاتے۔

عمران خان نے کہا کہ میری والدہ کو جب کینسر ہوا تو پتہ چلا کہ پاکستان میں کینسر کے علاج کے لیے کوئی اسپتال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چیک اپ کروانے لندن چلا جاتا ہے، ان لوگوں کا کیا ہوتا ہے جو غریبی کی وجہ سے یہیں علاج کروانے پر مجبور ہیں؟

’تین مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا، کیا تبدیلی آئی؟‘

اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسی گراونڈ میں پاکستان بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، اب نئے پاکستان کی بنیاد بھی یہیں رکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار شہادتیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا مزدور اور کسان پہلے سے زیادہ بدحال ہے، عمران خان کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیا پاکستان بنانا ہے تو آیندہ کالائحہ عمل طے کرنا ہوگا، تین مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا، کیا تبدیلی آئی؟

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج بھی ن لیگ کی حکومت ہے، کیا وہاں تبدیلی آئی؟

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم دو نہیں، ایک پاکستان کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں کسانوں کو فصلیں نہ جلانی پڑیں۔

قوم جاگ اٹھی ہے، شیخ رشید

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب لاہور سوجاتا ہے تو قوم سوجاتی ہے لیکن آج قوم جاگ اٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ اس لیے ہوں کیوں کہ میں تبدیلی چاہتا ہوں، میں سچ کا ساتھ دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ دھوکے باز لوگ ووٹ کے دن تک شریف ہیں، چار سال میں 35 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو عوام کے سمندر میں سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشیت ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے، حکومت نے 4 سالوں میں 35 ارب کا قرضہ لیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 70 سالوں سے ایک چور جاتا ہےاور دوسرا آجاتا ہے، عمران خان اپنے نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، یہ انقلاب لائیں گے، چلے ہوئے کارتوس انقلاب نہیں لاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کامیاب جلسے پر مبارک باد دیتا ہوں۔

ن لیگ نے کسانوں کا معاشی قتل کیا، جہانگیر ترین 

رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین نے کہا کہ آج ایک نئے پاکستان بنانے کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی انقلاب لاسکتا ہے تووہ کسان ہیں، ن لیگ نے کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب کسان ایک اور پاکستان میں رہتا ہے، غریب کاشتکار سے فصل خرید لی جاتی ہے تو ریٹ بڑھا دیا جاتا ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی تو ہم کسان کو خوشحال کریں گے، ہر کاشتکار کو اس کے فصل کی پوری قیمت ملے گی۔

عمران خان ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، چوہدری سرور

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس کامیاب جلسہ پر عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، عوام نے بتادیا ہے کہ لاہور، پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ عوام نے بتادیا ہے کہ عمران خان ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں انصاف کے کہڑے میں سب برابر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاکستان میں ساری طاقت بلدیاتی اداروں کے پاس ہوگی، عوام کی جدوجہد سے عمران خان اور تحریک انصاف کو کامیاب کرانا ہے۔

نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی، ملک کو بھی رسوا کیا: شیریں مزاری

پارٹی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم اور پاسپورٹ کوعزت دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی بلکہ ملک کو بھی رسوا کیا۔

جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف سندھ کے صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں راؤ انوار جیسے درندے پھرتے رہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے ملک سے نواز شریف کو نکال دیا ہے، اب وہ پوچھیں گے مجھے کیوں نکلایا۔

جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی خطاب کریں گے۔ 

جلسہ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شرکاء کے بیٹھنے کے لئے گراؤنڈ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں اوپر تلے 2 اسٹیج تیار کیے گئے ہیں، ایک پر مرکزی قائدین اور دوسرے اسٹیج کو مقررین کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ عقب میں 120 فٹ لمبی اور 34 فٹ چوڑی اسکرین بھی نصب کی گئی ہے۔

جلسہ گاہ اور اس کے اطراف پارٹی پرچموں اور بینرز کی بہار ہے اور پنڈال میں میلے کا سماں ہے، خواتین کے پنڈال کو چاروں طرف سے بند رکھا گيا ہے اور مختلف دور دراز شہروں سے آںے والوں کے لیے کھانے اور رہائش کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے جلسے میں قافلوں کی روانگی کی تھری ڈی ویڈیو تیار کرالی، ویڈیو میں کارکنان کے قافلوں کو تھری ڈی گرافکس میں دکھایا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے کارکنان کے جلوس دکھائے گئے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات

جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں، داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور شرکاء کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔

جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں اور نجی کمپنی کے 100 گارڈز خواتین کو بھی سیکیورٹی دیں گے جبکہ 500 رضاکار وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ 

 خواتین کے لیے الگ انکلوژر بنایا گیا ہے جس کے گرد آہنی چادریں بھی لگائی گئی ہیں۔ جلسے میں 12 کیمروں، 2 کرینوں اور 2 ڈرونز کی مدد سے جلسے کی کارروائی ریکارڈ کی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان، فیصل جاوید اور محمد علی جلسہ گاہ پہنچ گئے جب کہ سینیٹر فیصل جاوید نے اسٹیج سیکرٹری کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ 

 پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ آج کا جلسہ تاریخی ہوگا اور یہ اسی طرز کا جلسہ ہوگا جس طرح تحریک انصاف پہلے اسی مقام پر طاقت کا مظاہرہ کرچکی ہے۔ 

جلسے میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے قافلے روانہ ہوگئے  جب کہ پارٹی چیئرمین عمران خان لاہور میں ہی موجود ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز جلسہ گاہ پہنچ کر انتظامات کا بھی خود جائزہ لیا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے میں دس نکات پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر سونامی پلس شو ہوگا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم اٹھ کھڑی ہوئی ہے، ملک کو مضبوط اور مستحکم بنائیں گے، پاور شو پاکستان کے تمام سیاسی شوز کا ریکارڈ توڑ دے گا۔

تحریک انصاف کے جلسے کیلئے ٹریفک پلان جاری

تحریک انصاف کے مینار پاکستان میں جلسے کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی جب کہ رنگ روڈ، لوئر مال روڈ اور آؤٹ فال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شاہدرہ چوک سے پرانا راوی پل بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، شہری آمد و رفت کے لیے رنگ روڈ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مال روڈ سے شاہدرہ جانے والی ٹریفک آؤٹ فال روڈ، سگیاں پل سے جا سکے گی، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والی گاڑیاں گریٹر اقبال پارکنگ محکمہ جنگلات، ناصر باغ، موچی گیٹ اور کشمیری گیٹ پارک کی جاسکیں گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق غلط پارک گاڑیوں کے لیے 18 لفٹرز، 2 بریک ڈاؤنز اور 4 ٹریفک اسکواڈز بھی تعینات ہوں گے۔

دیگر سیاسی جماعتوں کے جلسے

مردان میں متحدہ مجلس عمل دوبارہ بحالی کے بعد اپنا پہلا جلسہ کرے گی جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی بھی سیاسی طاقت کے مظاہرے کے لیے آج جلسہ کرے گی جس کے لیے دیربالا میں پنڈال سجایا گیا ہے، جلسے سے پارٹی صدر اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی سمیت دیگر رہنماوں کا خطاب متوقع ہے۔

دوسری جانب صوابی میں قومی وطن پارٹی کا جلسہ ہوگا جس میں پارٹی چیئرمین آفتاب خان شیرپاؤ خطاب کریں گے۔



from پاکستان
https://ift.tt/2JBiDW5

Post a Comment

0 Comments