پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیوایم کے عارضی مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا اور رہنماؤں سے ملاقات کی۔
مردم شماری پر وفاقی حکومت سے ناراض ایم کیوایم پاکستان سے تحریک انصاف کی قیادت نے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیوایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پر ایم کیو ایم رہنماؤں فیصل سبزواری، ڈپٹی کنوینئر کنور نوید جمیل، ایم پی اے حمید ظفر سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وفد میں فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور سعید آفریدی شامل تھے اور یہ ملاقات پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کی ہدایت پر کی گئی جس میں وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی ایم کیوایم قیادت کو پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی، تاج حیدر اور وقار مہدی پر مشتمل پیپلز پارٹی کے وفد نے بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر پہنچ کر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں جماعتوں کی جانب سے سینیٹ الیکشن، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں جماعتوں کی قیادت نے مردم شماری نتائج پر بھی مشترکہ حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/2WVPCxa
0 Comments