پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو وفاق سے اتحاد ختم کرکے حکومت گرانے پر سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کردی۔
کراچی کے علاقے لانڈھی اور کورنگی میں 4 ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'اس منصوبے کو لانڈھی اور کورنگی کے ہمارے شہیدوں کے نام کرنا چاہوں گا'۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'سندھ حکومت مشکل معاشی حالات ہونے کے باوجود محنت کرکے پورے صوبے میں کام کر رہی ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں ترقی ہو کیونکہ یہاں پورے پاکستان کے ہر صوبے سے تعلق رکھنے والے لوگ آکر بستے ہیں تاہم ہمیں ہماری ضرورت کے مطابق وسائل نہیں دیے جاتے ہیں جس کے لیے ہمیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑے گا'۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے متعارف کردہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے طریقہ کار پر چلنے کی کراچی میں بہت صلاحیت ہے، لہٰذا ہمیں مل کر سوچنا ہوگا کہ ہم کیسے کراچی کے لیے کام کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے عوام بہت سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے، غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے مشکلات بڑھتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالنے کا فیصلہ ظلم و زیادتی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس کی مزاحمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں سردی کا 25 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور اس موسم میں کچی آبادی میں رہنے والے لوگوں کو زبردستی بے گھر کیا گیا، میں تمام عدالتی فورمز کو اس موسم اور اس وقت میں انکروچمنٹ کے کام کو روکنے کی اپیل کرتا ہوں اور میئر کراچی سے اپیل کرتا ہوں کہ اس سردی کی شدت میں اس کام کو روکا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی کی گیس کی پالیسی کی مزاحمت کرتے ہیں، ہمارے صوبے کا حق مارا جارہا ہے، آپ وہاں سے گیس چھین رہے ہیں جہاں سے گیس پیدا ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'وفاقی حکومت کو فوری طور پر اس پالیسی کو واپس لینا ہوگا اور جو وزیر اس معاملے پر بیانات دے رہے ہیں ان سے فوری استعفیٰ لینا چاہیے'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے پرانے ساتھیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جو ظلم کراچی کے خلاف ہورہا ہے وہ روکا جاسکتا ہے وفاقی حکومت سے اتحاد کو ختم کریں، عمران کی حکومت کو گرادیں'۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 'میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم انہیں سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں بس شرط یہ ہے کہ عمران کو گھر بھیج دیں، اس صوبے کو اس کا حصہ دلوا دیں ہم ساتھ مل کر اس صوبے کو ترقی دلوا سکتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'امید ہے آج نہیں تو کل ان کو یہ فیصلہ لینا پڑے گا، پاکستان کو بچانا پڑے گا اور نیا پاکستان کو ختم کرنا پڑے گا'۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ 'کراچی کی عوام کو معلوم ہے کہ عمران خان نے انہیں دھوکا دیا ہے، اس کو ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے اور 2020 میں جب انتخابات ہوں گے تو یہ عوام عمران خان کے حوالے سے یو ٹرن ہی لے گی'۔
from پاکستان
https://ift.tt/2ZCG0rI
0 Comments