چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کےپی میں مندر کو آگ لگانے کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں مندر کو آگ لگانے کے واقعے پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا اور ازخود نوٹس پانچ جنوری کو سماعت کے لئے مقرر کردیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے مندر جلانےکے واقعےپر اظہار تشویش کیا اور مندر کو نقصان پہنچانے کے معاملے پرچارجنوری تک رپورٹ طلب کی ہے، ساتھ ہی چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف سیکریٹری ، آئی جی کے پی اور ایک رکنی اقلیتی حقوق کمیشن کو متاثرہ مندر کےدورے کا حکم بھی دیا۔
کے پی کے میں مندر جلانے کا واقعہ چیف جسٹس کی نوٹس میں آج ہی آیا تھا جب چیئرمین ہندو کونسل نے چیف جسٹس سے کراچی رجسٹری میں ملاقات کی اور صورت حال سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل ہجوم نے ہندو بزرگ کی سمادھی مزار میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیا تھا، واقعہ کرک کے دور دراز علاقے ٹیری ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔
مشتعل افراد کی جانب سے مندر مسمار کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے میں ملوث ملزموں کی گرفتار ی کا حکم دیا تھا۔
ادھر وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرک میں مندر کو جلانے کی مذمت کرتی ہوں، خیبرپختونخوا حکومت مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/34XgSj4
0 Comments