وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت پوری منصوبہ بندی سے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔
گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے اسکاؤٹس اور شہداء نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی وجہ سے یہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکتا لیکن یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں اور پاکستان سے سب سے زیادہ نفرت کرنے والی حکومت آئی ہے، بی جے پی کی حکومت نے کشمیر میں جو ظلم کیا، وہ آج سے پہلے کسی بھارتی حکومت نے نہیں کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری منصوبہ بندی سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کی جا رہی ہے، ان دہشت گردوں کے سامنے ہماری سیکیورٹی فورسز کھڑی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان محفوظ ہے، آج ہمارا وہ حال نہیں ہے کہ جو کئی مسلمان ملکوں کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت صرف دہشت گردی کے ذریعے ہی نہیں بلکہ ملک میں شیعہ سنی انتشار بھی پھیلانا چاہتے تھے لیکن میں داد دیتا ہوں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کہ انہوں نے بھارت کے ان عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم بنتے ہی اعلان کیا تھا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو لوٹا ہے انہیں نہیں چھوڑوں گا، آج یہ چور اور ڈاکو اکٹھے ہو گئے ہیں اور ملکی ریاستی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا میں نے کہا دھاندلی ہوئی ہے تو حلقے کھول دو لیکن یہ بھاگ گئے، ان لوگوں نے مجھے معیشت اور الیکشن پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ایف اے ٹی ایف اور کورونا کے معاملے پر بھی بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے اب آرمی چیف اورآئی ایس آئی چیف پر بندوقیں تانی ہوئی ہیں، اگر یہ چور اور ڈاکو آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف بول رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میرا انتخاب بالکل ٹھیک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو سب سے زیادہ نقصان میر جعفر اور میر صادق نے پہنچایا، یہ وہ غدار تھے جنہوں نے مسلمانوں کو اندر سے نقصان پہنچایا، آج ہم پاکستان کے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کو دیکھ رہے ہیں، بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے معاملے پر مجھے دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آئے اور یہ (ایاز صادق) آج کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے ڈر کر بھارتی پائلٹ کو حوالے کیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کہ عمران خان انہیں این آر او دے دے لیکن پوری قوم کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان انہیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب عدلیہ نے حدیبیہ ملز کیس میں ان کے حق میں فیصلہ دیا تو ٹھیک اور جب عدلیہ ان کے خلاف فیصلہ دے تو یہ عدلیہ کے خلاف بیان بازی پر اتر آتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح عدلیہ اور فوج پر دباؤ ڈال کر این آر او لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے تو ہمارا سارا زور ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے پر تھا لیکن اب قانون کی بالادستی پر اتنا ہی زور لگاؤں گا اور ریاستی اداروں کو خود دیکھوں گا، قانون کی بالادستی کا مطلب ہے کہ اگر ایک طاقتور چوری کرتا ہے تو اس کو بھی اسی طرح سزا ملے جس طرح کمزور کو ملتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں قوم دیکھے گی کہ کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/2TJJHtn
0 Comments