سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کے مفت علاج کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت نے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب دھماکے کے زخمیوں کے علاج معالجہ سرکاری خرچ پر کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نجی اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑے اور اسپتال اخراجات کے حوالے سے تمام بلز محکمہ صحت سندھ کو بھیجے۔
واضح رہے کہ زخمیوں کے اہلخانہ کی جانب سے شکایات سامنے آئی تھیں کہ اسپتال انتظامیہ نے علاج سے قبل 50 ہزار روپے جمع کروانے کا مطالبہ کیا جس کے نتیجے میں ان کا پیارا دم توڑ گیا۔
نوجوان کی موت کے بعد اہلخانہ مشتعل ہوگئے اور ان کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا، زخمی بھانجے کے علاج کے لیے ٹھوکریں کھاتی خاتون بھی اسپتال انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف پھٹ پڑیں، ان کا کہنا تھا کہ مزدور سے اتنا پیسہ مانگا جارہا ہے اسپتال کو آگ لگادو۔
صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی فوری طبی امداد سے متعلق قانون موجود ہے، اسپتال انتظامیہ کو قانون کا معلوم ہونا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے حکام اسپتال پہنچ گئے ہیں اور اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال کے علاقے میں واقع مسکن چورنگی کے قریب گیس لیکیج دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/34jXRaJ
0 Comments