بریکنگ نیوز

6/recent/ticker-posts

پاکستان میں عوام روٹی کو ترس گئے ہیں، حکومت کی توجہ صرف میاں نواز شریف پر ہے: مریم نواز

مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ جلسے سے میاں نواز شریف خطا ب کریں گے۔

پی ڈی ایم کے کل ہونے والے جلسے کے لیے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری ہیں، جلسے کی سیکورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں، جن میں کوئٹہ پولیس، ایف سی اور بی سی سمیت دیگر سیکورٹی اہل کار شامل ہیں۔

مریم نواز نے آج صبح لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کل کے جلسے سے خطاب کریں گے، واضح رہے کہ گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کے دوران نواز شریف نے ملکی اداروں کو نشانہ بنایا تھا جس پر انھیں ملک بھر میں شدید تنقید کا سامنا ہے، اس وقت سابق وزیر اعظم ملک میں بدعنوانی کے کئی مقدمات میں مطلوب ہیں اور علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کی تحریک میں عوام شامل ہو گئے ہیں، ایک طرف پاکستان میں عوام روٹی کو ترس گئے ہیں، دوسری طرف حکومت کی توجہ صرف میاں نواز شریف پر ہے، اب این آر او کی عمران خان کو ضرورت ہے، کیپٹن (ر) صفدر واقعے سے حکومت نے بہت بدنامی کمالی ہے۔

ادھر کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے کے لیے تیاریاں جاری ہیں، شہر بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز آویزاں ہو گئے ہیں، محمود اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور اختر مینگل کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان گزشتہ رات ضلع قلات پہنچ چکے ہیں اور آج سہ پہر کوئٹہ پہنچیں گے۔

مریم نواز 10 رکنی وفد کے ہم راہ آج نجی ایئر لائن کی پرواز سے کوئٹہ پہنچیں گی، وفد میں شاہد خاقان عباسی، کیپٹن (ر )صفدر، احسن اقبال و دیگر شامل ہوں گے۔ بلاول بھٹو گلگت سے خصوصی پرواز کے ذریعے کل کوئٹہ پہنچیں گے، اگر وہ کسی وجہ سے کوئٹہ نہ پہنچ سکے تو پھر ویڈیو لنک پر جلسے سے خطاب کریں گے، جب کہ نواز شریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔



from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/2Ht9NOG

Post a Comment

0 Comments