ایک تحقیقی مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ وٹامن بی 6 ہمیں خوابوں کو یاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ رات کو سونے سے قبل اس وٹامن کی کوئی خوراک یا سپلیمنٹ کھائی جائے۔
آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ اسکول آف سائیکولوجی کے ڈاکٹر ڈینہوم ایسپائے اور ان کے ساتھیوں نے تحقیق کے بعد اسے پرسیپچوئل اینڈ موٹر اسکِلز نامی جرنل میں اپنی تحقیقات شائع کرائی ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ خواب لاشعوری طور پر ذہن میں ابھرنے والی ایسی تصاویر، مناظر اور آوازوں کو کہتے ہیں جنہیں ہم نیند میں محسوس کرتے ہیں۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق ایک صحت مند انسان کو رات میں چار سے چھ مرتبہ خوابوں کا تجربہ ہوتا ہے لیکن صبح اٹھتے ہی ان کی معلومات مبہم ہوجاتی ہے یا کبھی کبھار کوئی ایک خواب یاد رہ جاتا ہے۔ بسا اوقات اس کی کچھ معلومات بھی ہمارے حافظے میں رہ جاتی ہے۔
ڈاکٹر ایسپائے کہتے ہیں کہ وٹامن بی 6 سے آپ اپنے خوابوں کو بہتر انداز میں یاد رکھ سکتے ہیں لیکن اس کی پشت پر سائنس کی ایک چھوٹی سی تحقیق ضرور موجود ہے۔ اس کے لیے ڈاکٹر ڈینہوم ایسپائے اور ان کے ساتھیوں نے 100 ایسے افراد کو بھرتی کیا جن کی اوسط عمر ساڑھے 27 برس تھی۔ واضح رہے کہ وٹامن بی 6 جسمانی دفاعی نظام اور دماغ کی نشوونما کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
ان میں سے مختلف رضاکاروں کو رات سونے سے قبل مختلف قسم کے سپلیمنٹ دیئے گئے جن میں سے کئی افراد کو 240 ملی گرام وٹامن بی 6 کے کیپسول کھلائے گئے تھے۔ لیکن ان میں سے کسی کو بھی معلوم نہ تھا کہ کسے کونسے وٹامن کھلائے جارہے ہیں۔
پانچ روز بعد معلوم ہوا کہ جن افراد کو وٹامن بی 6 دیا گیا انہوں نے اپنے خواب کے کچھ حصوں کو اچھی طرح یاد رکھا اور صبح اٹھ کر انہیں ماہرین کے سامنے بیان بھی کیا۔ مطالعے میں شریک ایک فرد نے کہا کہ وٹامن بی 6 کھانے سے وہ اپنے خوابوں کو بہتر انداز میں یاد رکھ سکتے ہیں اور وہ بہت واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق وٹامن بی 6 کے سپلیمنٹ بازار میں عام دستیاب ہیں لیکن قدرتی طور پر مچھلی، پولٹری، گوشت اور نشاستے والی سبزیوں میں اس کی غیرمعمولی مقدار موجود ہوتی ہے۔
from صحت https://ift.tt/2jmb8Ya
https://ift.tt/2w0Kmhd
0 Comments