پی پی پی سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو انتقال کر گئے

پیپلز پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو طویل علالت کے بعد 80 سال کی عمر میں ہفتے کے روز امریکا میں انتقال کر گئے۔

سینیٹر میندھرو کو گزشتہ سال اکتوبر میں گردے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، انہیں ابتدائی طور پر آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا بعدازاں مزید علاج کے لیے دسمبر میں کیلیفورنیا لے جایا گیا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔

سیکریٹری نے بتایا کہ سینیٹر کی میت ممکنہ طور پر منگل کو پاکستان لائی جائے گی اور اسے بدین کے قریب ان کے آبائی گاؤں ماتارو میندھرو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

 

ڈاکٹر سکندر میندھرو اور ان کی اہلیہ خالدہ نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں پی پی پی میں شمولیت اختیار کی تھی جب وہ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں زیر تعلیم تھے۔

سکندر میندھرو کے پرسنل سیکریٹری عبدالغنی گوپانگ کا کہنا ہے کہ 1968 میں گریجویشن کیا اور بدین میں ایک کلینک شروع کیا جہاں ڈاکٹ خالدہ نے گائناکالوجسٹ کے طور پر بھی کام کیا، جوڑے نے 45 سال تک میڈیکل پریکٹس کی۔

عبدالغنی گوپانگ کا کہنا تھا کہ جنرل ضیا الحق کے ملک میں مارشل لا لگانے کے بعد سکندر میندھرو خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر گئے تھے، ابتدا میں وہ امریکا میں رہے بعد میں سعودی عرب چلے گئے، بالآخر 1980 کی دہائی کے آخر میں پاکستان واپس آئے۔

انہوں نے کہا کہ سکندر میندھرو 1988 کے بعد سے تمام عام انتخابات میں بار بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور پی پی پی کی حکومتوں میں وزیر صحت اور دیگر عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

وہ 2018 میں ٹیکنو کریٹ سیٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے اور سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کے طور پر نامزد ہوئے۔

سیکریٹری نے کہا کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے اپنی آخری خواہش کے طور پر 2013 میں بدین میں ایک ہسپتال بنایا تھا، جسے اب اسے ایک معاہدے کے تحت انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر عبدالباری چلا رہے ہیں۔

ڈاکٹر سکندر میندھرو نے اپنے سوگواران میں بیوی، ایک بیٹی عمیمہ اور ایک بیٹا زکریا چھوڑا ہے، جو امریکا میں رہتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر سکندر میندھرو کے انتقال پر رنج و غم اور سوگوار خاندان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

ایک تعزیتی بیان میں سکندر میندھرو کے انتقال سے پارٹی ایک سچے جیالے اور قابل پارلیمینٹیرین سے محروم ہوگئی، دعا ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 



from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/mQjv10s

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے