اسلام آباد میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے: عمران خان

Chairman PTI Imran Khan
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جتنے کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو آپ کے جنون کا خوف ہے، اسلام آباد میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے، قوم ان ڈاکوؤں کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا ہے اور وہ لوٹا ابھی تک پشاور نہیں گیا ہے، ان لوٹوں کو نہیں معلوم کہ قوم میں شعور ہے، قوم بیدار ہے، اسکول کے بچوں کو پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو ہٹایا ، ان کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق شامل تھے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میر جعفر سراج الدولہ کا سپہ سالار تھا اس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے غداری کی، میر جعفر کی وجہ سے مسلمان انگریزوں کی غلامی میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے ہندوستان سے جانے کے بعد بنگال سب سے غریب صوبہ بن گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی اور انگریزوں سے جا ملا، ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکہ کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا، میں کبھی امریکہ کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔

عمران خان نے کہا کہ امریکہ کے لیے اپنی قوم کے مفادات کیوں قربان کروں؟َ امریکہ کو مشرف جیسا حکمران چاہیے، جو ایک فون پر چاروں شانے چت ہوجائے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایبٹ آباد جلسے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ ایبٹ آباد میں آج آ رہا ہوں اور آپ نے بھرپور طریقے سے جلسے میں شرکت کرنی ہے۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو پتہ ہے کہ میں کیوں آ رہا ہوں ؟ ہم امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلسہ کر رہے ہیں اور عوام کو آگاہ کرنا ہے، ساری قوم کو تیار کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں جب میں کال دوں گا تو سب نے اس میں شرکت کرنی ہے۔

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں امریکہ سمیت کبھی کسی ملک کے خلاف نہیں رہا ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے اچھے تعلقات تھے اور 15 سال میں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مخالفت کی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا۔



from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/vmzY32P

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے