اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی ہے اور پالیسی کی دستاویزات 10روز میں عوامی سطح پر لایا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی میں معاشی حکمت عملی کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ طے ہے کہ اگر آپ کی معیشت طاقتور نہیں ہے تو سلامتی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پالیسی کا اہم نکتہ یہ ہے کہ اگر عام آدمی کو تحفظ حاصل نہیں ہوگا، یا وہ اپنی معاشی، سماجی اور قانونی حیثیت سے مطمئن نہیں ہوگا تو کوئی بھی پالیسی کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں یہ پالیسی بنانا شروع کی گئی تھی اور 2021 میں آکر اس کی منظوری دے دی گئی، ماضی میں یہ پالیسی اس وجہ سے منظور نہیں ہوئی تھی کیونکہ وہاں اتفاق رائے نہیں ہو پا رہے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایک ایسی حکومت آئی ہے جو سب کا نکتہ نظر حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور عمران خان ایک ایسے وزیر اعظم ہیں جن پر تمام افراد کا اعتماد ہے، جس کی وجہ سے پہلی بار ہم نے قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پالیسی میں اندورونی سیکیورٹی، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر وزارتوں کی پالیسیاں بھی شامل ہیں۔
کابینہ اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یوریا کی پیداوار پر بریفنگ دی گئی، گزشتہ دو سال میں ہماری زراعت میں بہتری آئی ہے، گندم، چاول اور گنے کی پیداوار تاریخی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں، ادویات اور دیگر اشیا کی خرید میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کھاد کی قلت کا بحران پیدا ہوا ہے، عالمی منڈی میں کھاد کی قیمت میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں یوریا کی پیداوار کے لیے ان دو مہینوں میں بھی گیس فراہم کی گئی جب یوریا پلانٹ کو گیس نہیں دی جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ یوریا کی پیداوار ہوئی، اس وقت جب عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت 10 ہزار سے زائد ہے تو پاکستان میں یوریا کی قیمت 1700 سے 1800 روپے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی وجہ سےکئی جگہوں میں یوریا کی قلت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے پنجاب حکومت کو کہا ہے کہ یوریا کی ذخیرہ اندوزی کو روکیں، جس کی وجہ سے قیمت میں کمی تو نہیں ہوگی لیکن قلت ختم ہوجائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کے پہلے سال مولانا فضل الرحمٰن اپنا کاڑ کباڑ لے کر اسلام آباد آگئے تھے، حکومت گرانا ان کے بس کا بات نہیں ہے، یہ روزانہ نئی تاریخیں دیتے ہیں، یہ دہاڑی دار ہیں، اس کی کوئی سنجیدہ بات نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج رانا شمیم کے حلف نامے کی سماعت کے دوران معلوم ہوگیا ہے کہ یہ کس قدر بڑا مافیا ہے جو عدالتوں کو اپنے قبضے میں کرنا چاہتا ہے، نواز شریف کو ہم واپس لے کر آئیں گے ، انہوں نے کبھی خود واپس نہیں آنا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ منی بجٹ نہیں ہے، آئی ایم ایف نے جو شرائط دی ہیں اس پر غور کرنا ہے، اپوزیشن جو منی بجٹ پر اتنی باتیں کر رہی ہے انہیں کہیں کہ ہمیں مشورہ دیں۔
کابینہ کے اجلاس میں فیصلے
وزیراطلاعات نے بتایا کہ وزارت خارجہ کی سفارش پر ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے، جن میں شہزاد نقوی، فائزہ کپاڈیا، یاسمین لاری، عدنان علی اور عمران احد شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں دستاویزات کی تصدیق، بورڈز کے آپس میں روابط اور تعاون کو بڑھانے کےلیے کابینہ نے انٹر میڈیٹ بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کےلیے مسودے کے اصولی منظوری دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) میں محمد عاصم کو بطور ایگزیکٹیو تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹیزن بلڈنگ ایف نائن پارک کو گندھارا ہیریٹیج اینڈ کلچر سینٹر میں تبدیل کیا جارہا ہے، اس حوالے سے کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم کریں گے۔
'ناظم جوکھیو قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی منظوری'
فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں ناظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کےلیے ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) بنانے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مبینہ قتل میں ملوث ہونے پر مسمات نازیہ شاہین اور شبر عباس کو اٹلی کی حکومت نے تحویل میں لینے کا مطالبہ کیا تھا، یہ لوگ اٹلی میں قتل کر کے پاکستان آگئے تھے تاہم ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا اور انہیں واپس اٹلی بھیج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح متحدہ عرب امارات نے محمد عثمان کو تحویل میں لینے کا مطالبہ کیا تھا انہیں متحدہ عرب امارات بھیجنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔
کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی سفارش پر بینکاری کورٹ نمبر ایک کو ملتان سے ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گوادر میں 20 کروڑ گیلن پانی کا پلانٹ لگانے کی منظوری دی گئی ہے، یہ سی پیک کا منصوبہ ہے اور اس سے گوادر کے شہری صاف پانی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شائستہ ذیشان کو 4 سال کے لیے ایگزیکٹیو ممبر نیشنل میڈیکل اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر تین ادویات کی بناوٹ میں تبدیلی کی منظوری دی گئی ہے لیکن ان کی قیمت فروخت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کیوبا کے لیے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی اشیا بھیجنے کی منظوری دی گئی ہے، جس میں این 95، حفاظتی شوز، اور ڈریسز شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر پاکستان پلاننگ اینڈ منیجمنٹ بل 2021 کا مسودہ کمیٹی کو بھیجا ہے جبکہ کابینہ نے مؤخر شدہ بلوں کی بھی منظوری دی ہے۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/3Jp1TBd
0 Comments