وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپنی چوری بچانے کے لیے نواز شریف بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔
حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا آغاز ہو چکا ہے، ہیلتھ کارڈ کی صورت میں جو ہیلتھ انشورنس پنجاب اور کے پی کے عوام کو حاصل ہے ایسی بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک میں بھی عوام کو حاصل نہیں ہے۔
عمران خان نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں آج کل کچھ لوگوں نے سرکس لگائی ہوئی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 30 سال تک ملک کو لوٹا، ان کے دور میں ان لوگوں کے لیے الگ قانون تھا اور بھینس چوروں کے لیے الگ قانون تھا لیکن اب ان لوگوں کو مشکل پڑ گئی ہے کیونکہ ہم نے نیب کو بالکل آزاد چھوڑ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی چوری پکڑی گئی تو انہوں نے مجھے بلیک میل کرنا شروع کر دیا کہ این آر او مل جائے، یہ جو سب اکھٹے ہیں ان سب کے لیے پیغام ہے کہ آج تک آپ لوگوں کا جن سے مقابلہ تھا یہ وہ کرپٹ تھے یا پھر انہیں کرسی کی خواہش تھی لیکن آج آپ کا مقابلہ عمران خان سے ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جتنے مرضی جلسے کرنے ہیں کر لو لیکن جب تک ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں کریں گے تو انہیں نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے مجھے پہلے کورونا پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ نے ہمیں کورونا سے بچایا اور پھر ان لوگوں نے حکومت کو ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی لیکن جب اس میں بھی ناکام ہو گئے تو پاک فوج کے سربراہ کے خلاف سازش شروع کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف جو یہاں بہت بیمار تھے جب انہیں لندن کی ہوا لگی تو وہ بالکل ٹھیک ہو گئے، وہ لندن میں بیٹھ کر پاک فوج کے خلاف سارش کر رہے ہیں، نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکس والے کہتے ہيں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، اگر دھاندلی ہوئی تو میں نے پیشکش کی تھی کہ حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، آپ لوگ کیوں نہيں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ کا سسٹم لانے پر کام کر رہے ہيں، ہماری حکومت ملک میں ایسے الیکشن کروائے گی کہ ہارنے والا بھی مانے گا کہ الیکشن صاف و شفاف ہوئے۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/358YeFM
0 Comments