مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی میں ایسی کوئی آواز نہیں جو نوازشریف کے بیانیے کے مخالف ہو۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد صرف عمران خان کو ہٹانے تک نہیں بلکہ ملک میں اصلاحات لانے تک ہے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل تمام جماعتوں کو بیانیہ ایک ہے، کوئی سیدھی بات کرتا ہے تو کوئی گھما پھرا کر تاہم تمام جماعتوں کا مرکزی نقطہ ایک ہی ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری ریاست اور معیشت دن بدن بگڑ رہی ہے، آج کا دور معاشی تحفظ کا دور ہے، سوچنا ہوگا پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کیسے کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے سرمایہ دار بھاگ چکا ہے، حکومت نے ملک میں خوف کی فضا قائم کر رکھی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت پہلے دن سے کہہ رہی ہے ایک میثاق جاری کریں گے، میثاق میں بتایا جائے گا کہ ہم اہداف کیسے حاصل کریں گے اور کیا اصلاحات چاہتے ہیں، 13 نومبر کو میثاق سے متعلق تجاویز دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ملک میں بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ جلیل شرقپوری نے 4سال پہلے اپنا راستہ جدا کرلیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قادر بلوچ کا مطالبہ تھا کہ ثنا اللہ زہری کو اسٹیج پر نشست دی جائے، ہماری جدوجہد اسٹیج پر کسی سردار کو نشست دینے سے زیادہ ہے، نظریاتی لوگوں کے ساتھ پارٹی کو مضبوط کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ترقی ن لیگ دور میں ہوئی اور اس خطے میں سب سے زیادہ امن بھی ہمارے ہی دور میں آیا۔
from Urdu News | پاکستان کی خبریں
https://ift.tt/3kkIDa9
0 Comments