غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے ساحلی علاقے غزہ کی پٹی پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق غزہ کی حکمراں جماعت حماس سے ہے۔ حماس نے اس دھماکے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے۔
حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی دشمن کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ایک سنگین واردات کا ارتکاب کیا گیا تھا۔ اس واردات کی تحقیقات کرنے کے لیے حماس کے عسکری گروپ قسام بریگیڈ کے اہلکار سیکورٹی اور انٹیلی جنس آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران انہیں بم سے نشانہ بنادیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں جائے وقوعہ سے دھویں کے بادل اٹھتے نظر آرہے ہیں۔ تاہم دھماکے کی مزید وجوہات اور تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ برطانوی میڈیا نے ذرائع سے بتایا ہے کہ ایک عمارت میں بارودی مواد پر کام کرتے ہوئے یہ دھماکا ہوا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت آگئی ہے۔ گزشتہ روز بھی ہزاروں فلسطینی شہریوں نے غزہ سرحد پر اسرائیلی قبضے کیخلاف مظاہرے کیے جب کہ اس دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے350 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
from دنیا https://ift.tt/2HXBESn
غزہ میں بم دھماکے سے 6 فلسطینی شہید، متعدد زخمی https://ift.tt/2wfh4eX
0 Comments