کراچی : پاپ راک بینڈ اسٹرنگز نے تیس سالہ موسیقی کے سفر کا جشن سماعت سے محروم افراد کیلئے میوزکل کنسرٹ میں پرفارم کرکے منایا اور گانوں کے بول اشاروں میں سمجھا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سماعت سے محروم افراد کیلئے کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاپ راک بینڈ اسٹرنگز نےتیس سالہ موسیقی کے سفر کا جشن منایا۔
اسٹرنگز نے کنیکٹ ہیئرآرگنائزیشن کے ساتھ مل کر سماعت سے محروم افراد کیلئے گانا گایا، اسٹیج پر موسیقاروں نے سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم افراد کے لیے گانے کے بول اشاروں کی زبانی سمجھائے تاکہ وہ بھی اس کنسرٹ کا لطف اٹھا سکیں۔
پاکستان کے اس منفرد میوزک کنسرٹ میں تین سو سے زائد سماعت سے محروم افراد نے شرکت کی، جو انٹرپریٹیٹرز کی مدد سے موسیقی کی دھنوں سے لطف اندوز ہوئے۔
پاپ راک بینڈ کی تیسویں سالگرہ پرالبم تھرٹی کاٹیزر بھی ریلیزکیا ، البم تھرٹی میں سولہ گانےشامل ہوں گے۔
خیال رہے اسٹرنگز بین الاقوامی طور پر مشہور پاکستانی پاپ راک بینڈ ہے، بینڈ نے اپنے میوزک سفر کا آغاز سال 1988 میں کیا اور پاکستانی و انڈین میوزک انڈسٹری میں اپنا نمایاں مقام بنایا۔
یاد رہے سال 2016 میں پاکستان کے سب سے بڑے میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو سیزن 9 سے قبل سماعت سے محروم افراد کو موسیقی محسوس کرانے کے لئے منفرد طریقہ ایجاد کیا، اس سلسلے میں کوک اسٹوڈیو نے جدید ٹیکنالوجی کے ملاپ سے سماعت سے محروم افراد کو بنیادی سطح کی موسیقی سننے کا موقع فراہم کیا۔
اس ایونٹ میں سماعت سے محروم بچوں نے قومی ترانہ اشاروں میں پیش کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چار برس سے اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کی میوزک پروڈکشن کی ذمہ داریاں سنبھال رکھی تھیں، یہی وجہ تھی کہ ان کا کوئی البم ریلیز نہیں ہوا تھا۔
0 Comments